کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے ترجمان نے پی آئی اے پائلٹوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کو غیرمنصفانہ قرار دیا ہے جس سے ایئر لائن کے لیے قربانیاں دینے والے پائلٹوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے پائلٹوں کی تنخواہوں میں 30 فیصد تک کٹوتی بلاجواز ہے اور اس سے ان کے حوصلے پست ہوجائیں گے پہلے ہی کام کے دباؤ سے پریشانی کا سامنا ہے اب مالی طور پر مزید دبائو سے ان کی کارکردگی پر اثر پڑسکتا ہے جس سے لازمی طور پر فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرات پیدا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ یہ کٹوتی وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کے بھی خلاف ہے۔ پالپا کے ایک ہنگامی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کے اقدامات کے دبائو اور کام کے دبائو کے باوجود ، کیپٹن، کاک پٹ، کیبن کرو اور تمام ملازمین ہفتوں سے ریسکیو فلائٹ آپریشن میں سب سے آگے ہیں۔موجودہ ہنگامی صورتحال -19 COVID کی وجہ سے پوری دنیا پر اثر پڑ رہا ہے ، اور نہایت کم تعداد میں ایئر لائنز مسافر طیارے چلا رہی ہیں جن میں پی آئی اے بھی شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلائٹ کا عملہ اور تمام ملازمین دن رات اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ادارے کے لیے منافع کا باعث بن رہا ہے اور انتظامیہ کو 8 ارب کا منافع فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا تنخواہوں میں یہ غیر اعلانیہ ، غیر منصفانہ اور یکطرفہ بھاری کٹوتی ناقابل برداشت دبائو کا باعث بنے گی۔