مدینہ منورہ (نمائندہ خصوصی )احتیاطی تدابیر کے ساتھ ڈھائی ماہ بعد مساجد میں پہلی نماز جمعہ سعودی عرب میںکرونا وائرس سے بچاو کیلئے تقریبا ڈھائی ماہ کی پابندیوں کے بعد مساجد میںجمعہ کی نماز مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ادا کی گئی۔مدینہ گورنر کے جاری اطلاع کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں انتظامیہ کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے کیے جانے والے انتظامات مثالی تھے۔ مسجد نبوی الشریف میں نمازیوں نے سماجی فاصلے کے اصولوں پر مکمل طورعمل کیا۔ مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحن بھی نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔مسجد نبوی الشریف میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے نماز جمعہ ادا کی مسجد کے اندرونی اور بیرونی صحن نمازیوں سے بھرے تھے جبکہ فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل درآمد کیاگیا۔وزارت اسلامی امور کی جانب سے چھوٹی مساجد جہاں عام دنوں میں نماز جمعہ ادا نہیں کی جاتی میں بھی عارضی طور پر جمعہ نماز ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے اس ضمن میں مملکت کے تمام شہروں میں 4 ہزار کے قریب مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے ۔ادارہ امور صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مختلف شہروں میں لوگوں نے مساجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ مساجد کے وضوخانے بدستور بند رہے جبکہ ہر شخص ہدایات پرعمل کرتے ہوئے اپنی جائے نماز ہمراہ لایا جبکہ ماسک کی پابندی پر بھی عمل کیاگیا۔ خطبہ جمعہ وزارت اسلامی امور کی ہدایات کے مطابق کرونا کی وبا اور اس سے بچاو کے حوالے سے دیا گیا جس میں آئمہ نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں خاص کر سماجی فاصلوں اور گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔خطبے میں مزید کہا گیا کہ معمر افراد کو چاہئے کہ وہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مساجد نہ آئیں بلکہ گھروں میں نماز ادا کریں کیونکہ معمر اور بیمار افراد اس وبائی مرض کا جلدی شکارہوتے ہیں۔