ابوظبی(یواین پی)فاف ڈوپلیسی ابوظبی کی سخت کنڈیشنز میں بھی صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کیلیے بے تاب ہیں۔ فاف ڈوپلیسی نے کہاکہ قرنطینہ میں وقت گزارنا مشکل ہے، مسلسل ایک کمرے میں رہنا آسان نہیں ہوتا، جم اور میدان میں جا کر ٹریننگ کا موقع نہیں ملتا، بہرحال کرکٹ کو جاری رکھنے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے، میں کمرے میں ٹریننگ کرتے ہوئے خود کو فٹ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہوں، ابوظبی میں سخت گرمی کا اندازہ ہے، جنوبی افریقہ میں سرد موسم تھا، یہاں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے ہوٹل کی بالکونی میں سائیکل چلائی، کھلاڑی جسم کو کنڈیشنز کا عادی بنانے کی بہترین کوشش کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں نے کراچی میں منعقدہ میچز میں اچھے آغاز کیے مگر انھیں بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر سکا، ابوظبی میں بہتر کارکردگی کی پوری کوشش کروں گا۔پروٹیز بیٹسمین نے کہا کہ آئی پی ایل میں تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے ہمیں 10دن کا وقت مل گیا تھا، ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس سے لطف اندوز ہوا، چند اچھی اننگز کھیل کر اعتماد میں اضافہ ہوگیا، پی ایس ایل کی تیاری کے لیے بہت کم وقت ملا تھا،اس بار بھی زیادہ موقع نہیں ہوگا، بہرحال پوری کوشش ہوگی کی ٹیم کی توقعات پر پورا اتروں۔فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹنگ اور بولنگ میں مسائل رہے،ہم بطور ٹیم زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے، ردھم میں واپس آتے ہوئے آخری میچ میں اچھا پرفارم کیا تھا کہ ایونٹ ہی ملتوی ہو گیا، اب نیا چیلنج ہے، نئے کھلاڑی بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے، اس لیے نئے سرے سے مہم کا آغاز کرنا ہوگا۔
ڈوپلیسی صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کیلئے بے تاب
Jun 06, 2021