لندن (صباح نیوز) برطانوی دارالحکومت لندن میں جی سیون ممالک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں کارپوریٹ ٹیکس کی منظوری دی گئی۔ گوگل، فیس بک اور ایمیزون سمیت ملٹی نیشنل کمپنیوں پر ٹیکس لگانے پر اتفاق ہوگیا۔ اس معاہدے کے طے پانے سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ ٹیکس بچانے کے راستے روکے جا سکیں گے۔ لندن میں امیر ترین ملکوں کے گروپ جی سیون کے وزرائے خزانہ کا دو روزہ اجلاس ہفتہ کو پانچ جون کو ختم ہوا۔ اس اجلاس میں کارپوریٹ ٹیکس کے نفاذ سے متعلق ایک اہم اور تاریخی معاہدے کو شریک وزرائے خزانہ نے حتمی شکل دی۔ برطانوی وزیر خزانہ رشی سناک نے اس معاہدے کو گلوبل ڈیجیٹل عہد کا ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا۔ امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن کے مطابق کارپوریٹ ٹیکس کے معاہدے پر مزید بات چیت مستقبل میں منعقد ہونے والی کانفرنسوں میں جاری رکھی جائے گی۔