کرونا ریلیف پیکیج پر آڈیٹر جنرل رپورٹ سامنے لائی جائے: مریم اورنگزیب 

لاہور (نیٹ نیوز) اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے بھی کرونا ریلیف پیکج میں بے ضابطگیوں پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر دیا۔ اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ 1200 ارب کی خطیر رقم پر آڈٹ رپورٹ پبلک ہونے سے روکی جا رہی ہے۔ پہلے دوائیوں کے 500 ارب کھا گئے اور اب کرونا کا ریلیف پیکج کھا گئے کیا لوگ ہیں؟۔ انہوں نے مزید کہا ریلیف پیکج کے خرچ میں سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی خود آڈیٹر جنرل نے کی ہے۔ 1200 ارب کے علاوہ آئی ایم ایف سے 1.386 ارب ڈالر کرونا کیلئے آئے جبکہ ورلڈ بنک کے 153 ملین، ایشیائی بنک کے 300 ملین ڈالرز اور یورپی یونین کے 150ملین یوروزکا حساب ابھی رہتا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ 1200 ارب روپے کا معاملہ ایک اور رنگ روڈ سکینڈل دکھائی دیتا ہے۔ رقم موجود ہونے کے باوجود حکومت نے ویکسین کی بروقت بکنگ میں کیوں مجرمانہ غفلت برتی؟۔ انہوں نے کہا کہ بروقت ویکسین منگوالی جاتی تو ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔

ای پیپر دی نیشن