لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے آئندہ بجٹ میں مزید ٹیکسز کا بوجھ نہ ڈالنے کے اعلانات خوش آئند ہیں ،تاجروں کے ود ہولڈنگ اور شناختی کارڈ کی شرط کے حوالے سے دیرینہ مسائل حل کئے جائیں ،ملک بھر میں35لاکھ سے زائد چھوٹے بڑے تاجر ٹیکسز کی ادائیگی اور لاکھوں افراد کو روزگار کی فراہمی کے ذریعے معیشت میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں لیکن انہیں پھر بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محبوب سرکی ، شیخ ارشد،نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کو جواز بنا کر تاجروں کیلئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں،اسی طرح شناختی کی کارڈ کی شرط کے حوالے سے جو مجوزہ تجاویز سامنے آئی ہیں وہ قابل قبول نہیں ، حکومت ہمارے ساتھ شناختی کارڈ کی شرط کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کرے۔