راولپنڈی ( سٹی رپو رٹر ) پا کستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس)انعام اللہ محسود نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران راولپنڈی ڈویژن نے 26 کروڑ 16 لاکھ روپے مالیت سے زائد مالیت کی 11.273 ایکڑ اراضی آپریشن کر کے قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے جبکہ رواں مالی سال کا مختلف شعبوں کی آمدن کا 89 فیصد ہدف بھی حاصل کر لیا گیا ہے اس ماہ کے آخر تک سو فیصد ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر ریلوے کی سرکاری اراضی پر قبضے کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے کرونا وائرس کے باعث 8 ٹرینوں کی بندش سٹاپ کم ہونے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ ٹرینیں چلانے کے باوجود مالی سال کے خاتمے پر ہم آمدن کا سو فیصد ہدف حاصل کر لیں گے۔ جو ریلوے کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ان کا کہنا تھا کہ اس کرونا کے خوف کی وجہ سے مسافروں نے کم سفر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ریلوے راولپنڈی ڈویژن شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے اس مقصد کے لیے مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر نرسری تیار کر لی ہے جہاں پر 40 ہزار پودے تیار کیے گئے ہیں جن میں پھلدار پودے زیادہ ہیں اس نرسری کے پودوں سے ریلوے ٹریک اور ریلوے کی دیگر جگہوں پر شجر کاری کی جائے گی اس کے ریلوے کی آمدن بڑھانے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے