افغان مشیر کان کھول کرسن لو پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بڑی قربانیاں دیں شاہ محمود

Jun 06, 2021

اسلام آباد‘ملتان (خبر نگار+جنرل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں شاہ رکن عالم انٹرچینج پر کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف اپنایا۔ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کیا گیا۔ غزہ پٹی میں 25 منٹ میں 125 بم گرائے گئے۔ اسرائیل کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑی، جنگ بندی کرنی پڑی۔ پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے اسرائیل کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے موقف کی تائید کی جا رہی ہے۔ افغان قومی سلامتی کے مشیر کی ننگرہار میں تقریر پر میرا خون کھول رہا ہے۔ افغان مشیر کو شرم آنی چاہئے، وہ افغانستان کے امن میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ حمد اللہ محب تخریبی کردار ادا کر رہے، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کر سن لو پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں۔ زبان درازی بند نہ کی تو پاکستان تم سے ہاتھ نہیں ملائے گا۔ افغان قومی سلامتی مشیر کی پاکستان کے خلاف زبان درازی پر شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ افغان عہدیدار کو پاکستان پر تہمتیں لگاتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ فیٹف اجلاس میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا گیا۔ فیٹف میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے۔ اب پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں رہ گیا۔ مسلم لیگ کی حکومت سے ہمیں گرے لسٹ ملی تھی۔ عمران خان کی قیادت میں گرے لسٹ سے نکل کر ملک سفید لسٹ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اگر فیٹف میں میرٹ پر فیصلہ ہوا تو اگلے ماہ پاکستان کو کامیابی ملے گی۔ پی ڈی ایم کا قبلہ ایک نہیں مگر مقصد بند گلی سے فرار کا راستہ مل جائے۔ پی ڈی ایم کو کہوں گا آگ لگ گئی تمہارے اتحاد کو ملتان کے چراغ سے، یہ کیسی حزب اختلاف ہے کہتی ہے میں نا مانوں‘ ملتان نے ہر سیاسی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔مارچ 2022ء میں مسئلہ کشمیر دنیا کے وزرائے خارجہ کے سامنے رکھوں گا۔ ہمارے سروں پر سیاسی تلوار نہ لٹکائی گئی تو اگلے ماہ گرے لسٹ سے نکل آئیں گے۔

مزیدخبریں