لاہور( نیوز رپورٹر‘سٹی رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی کے باعث پاکستان کو ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی کرنے کا موقع ملا ہے، وزیراعظم نے بلین ٹری سونامی کے نام سے کام شروع کیا، ان کے عزم کو موجودہ حکومت آگے لے کر بڑھ رہی ہے، صوبائی محکمہ ماحولیات نے ہماری پارٹی کے وزیر محمد رضوان کی زیر قیادت 5 ارب کے فنڈ لے کر کام شروع کر دیا ہے، عمران خان کی سوچ اور ویژن کی وجہ سے ماحولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وہ یہاں صوبائی وزیر ماحولیات محمد رضوان کی میزبانی میں ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 2003ء میں ترقی کا سفر بطور وزیراعلیٰ پنجاب شروع کیا تھا، ہمارے پانچ سالوں میں پنجاب میں جی ڈی پی گروتھ 8 فیصد جبکہ پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ 7.3 فیصد پر آیا تھا جو کہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عوامی فلاحی منصوبوں کو شہبازشریف نے التوا کا شکار بنایا،پنجاب میں پہلی مرتبہ آئی ٹی کا محکمہ بنایا، ہمارے دور میں پہلی بار 97 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہوا اور ورلڈ بنک نے بھی ہمارے پروگراموں کی نہ صرف تعریف کی بلکہ انہیں جاری رکھتے ہوئے فنڈز بھی دیئے، شہباز حکومت نے 45 فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال کیا، موجودہ حکومت نے بھی ایسا ہی کیا۔ وزیر ماحولیات محمد رضوان نے چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پہلی بار ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی ملنے پر وزیراعظم عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں، میرا تعلق پاکستان مسلم لیگ سے ہے، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے آج سے 11 سال قبل ہی ماحولیات کی افادیت کو بھانپ لیا اور اس پر کام شروع کر دیا تھا، ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ڈی جی انوائرمنٹ مہتاب وسیم اور سینئر ممبر WWF سہیل علی نقی نے بھی خطاب کیا۔