راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر+ سٹی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ملک میں کروناسے مزید 84 افرادانتقال کرگئے۔ 1923 نئے کیسز رپورٹ، پاکستان کرونا مریضوںکی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے۔ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 4 فیصد رہی۔ این سی او سی کے مطابق مزید 4 ہزار 380 مریض شفایاب، انتقال کرنیوالوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 189 ہو گئی ہے۔ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو چکی ہے۔ اب تک کْل ایک کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 172 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ کل سے پنجاب سمیت کم شرح والے علاقوں میں میں سکول کھل جائیں گے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3727657 ہوگئیں، کیسز17کروڑ 33 لاکھ 28ہزار سے تجاوز کر گئے۔ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کرونا وائرس کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ این سی او سی کے مطابق جون میں سائنو فارم، کین سائنو اور سائنو ویک کی مجموعی طور پر 11 ملین خوراکیں پاکستان کو ملیں گی۔ گوجرانوالہ کے ایک میرج ہال میں جاری شادی کی تقریب کے خلاف پولیس کا ایکشن، ایس او پیزکی خلاف ورزی پر دولہا سمیت 4 افرادکوگرفتارکر لیا۔ میرج ہال بھی سیل کر دیا۔ سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 925 افراد میں وائرس کی تصدیق صوبے میں مثبت کیسزکی شرح 6.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ٹیسٹ کے تناسب سے کراچی میں مثبت شرح 12 سے بھی تجاوز کر گئی جو 12.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآ باد میں مثبت کیسز کی شرح 9.23 فیصد ریکارڈ صوبے بھر میں 16 افراد وائرس سے انتقال کر گئے۔ تاجر ایکشن کمیٹی نے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر رات 8 بجے تک دکانیں کھلی رکھنے کا فیصلہ پیر تک مؤخرکر دیا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ پیر تک تاجروں کے اکثر مطالبات پورے اور مسئلے حل کریں گے۔ تاجروں کی شکایات پر ایس ایچ او سعود آباد کو معطل کیا ہے۔ شکایتوں پر مزید کارروائی کی جائیگی۔ ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جب تک تمام شہریوں کو کرونا ویکسین نہیں لگتی پابندیاں ختم نہیں ہو سکیں گی۔ وائرس کی وباء کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا میں کرونا وائرس کے شکار مزید 4 مریضوں کے دم توڑ جانے سے تعداد 257 ہو گئی جبکہ ریجن میں 508 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن میں 21 نئے کیسز آنے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14204تک پہنچ گئی۔گزشتہ چو بیس گھنٹوں میں راولپنڈ ی ضلع میں کل 46کنفرم مر یض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے40راولپنڈی جبکہ6دوسرے اضلاع کے مریض ہیں۔
کرونا 84اموات لاہور سمیت کم شرح علاقوں میں سکول کل سے کھلیں گے
Jun 06, 2021