لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ کب تک دوسروں پر ڈالتی رہے گی عوام کو پتہ ہے یہ نااہل جھوٹے اور کرپٹ ہیں۔ وفاق کا پنجاب کے بجٹ پر 152 ارب کا کٹ لگانا پنجاب کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ارکان اسمبلی و پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہم احتساب کے نام پر انتقام کو برداشت کر رہے ہیں، نواز شریف، شہباز شریف اور میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں ہم نے بارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی اندھیروں کو ختم کیا، دہشت گردی ختم کی، کراچی کی رونقیں بحال کی 1700 کلو میٹر موٹروے بنی، سی پیک آیا معیشت کا پہیہ چلنے لگا، دہشت گردی کا خاتمہ ہوا روز گار عام ہوا، آج موجودہ حکومت قرضوں کے انبار بھی لگاتی ہے۔ ٹیکس بڑھا دو چینی دال اور حتیٰ کہ نائی دھوبی، پر بھی ٹیکس لگا دو غریب اور کمزور سے ٹیکس کے نام پر ڈاکہ ڈالو اور دو وقت کی روٹی بھی چھین لو۔ بس یہی کام ہے۔ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں سے معیشت کو سہارا نہیں ملے گا، بیروزگاری کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ جہاں عوام کی طاقت ہوگی وہاں ن لیگ کی فتح ہوگی، آٹا چور بجلی چور گیس چور سے لوگ حکمرانوں کو یاد کررہے ہیں۔