کراچی ‘اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار ملے گا، ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہوچکی، پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنی معاشی پالیسیاں عام آدمی کے ماہانہ بجٹ کو سامنے رکھ کر بناتی ہے، دائیں بازو کی جماعتوں کی معاشی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کے وعدے کو پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور میں نبھایا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت تھی تو پانچ افراد کے عام گھرانے کی مہینے میں آٹے کی ضروریات ایک ہزار 975 روپوں میں پوری ہوجاتی تھیں، آج عمران خان کی حکومت میں پانچ افراد کے عام گھرانے کی آٹے کی ماہانہ ضروریات ساڑھے تین ہزار روپوں میں پوری ہو رہی ہیں، پی پی پی دورِ حکومت میں ایک عام گھرانا اپنے بچوں کے کپڑے 600 روپوں میں خرید لیتا تھا اور آج وہ اس مد میں تین ہزار 600 روپے خرچ کر رہا ہے۔