سندھ حکومت کا کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ

Jun 06, 2021 | 14:05

ویب ڈیسک

سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کراچی سمیت صوبے بھر میں بندشیں کھولنے کی طرف جا رہےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اگر اسکول کھولنے ہیں تو تمام اسٹاف کےلیے ویکسی نیشن لازمی  ہوگی۔ تمام دکانداروں کو ویکسین لگوانا ہوگی اور ثبوت بھی رکھنا ہوگا۔انہوں نےواضح کیا کہ ویکسی نیشن کرانے پر ہی زندگی معمول پر آئے گی۔ یہ ہم سب کے فائدے کی چیز ہے۔ ہم پولیس کو بھی75فیصد ویکسی نیٹ کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے فرنٹ لائن ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سندھ میں یومیہ 2 لاکھ ویکسی نیشن کرانے کا ہدف ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا شہریوں سے درواست ہے کہ ویکسین لگوائیں۔ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے شہری ویکسین لگوائیں۔ ہم نے تقریباً3کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن کرنی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کے سبب سندھ میں 5 ہزار116 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور وہاں کیسز کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار72 ہے۔ سندھ میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد13ہزار536 ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروبار کے اوقات کار کیلئے فیصلہ کل کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں ہوگا۔

تاجروں نے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کر رکھا ہے، گزشتہ روز تاجروں نے دکانیں چھ بجے کی بجائے آٹھ بجے بند کرنے کا اپنا فیصلہ موخر کردیا تھا۔ صوبائی وزیر ناصر شاہ نے تاجر ایکشن کمیٹی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں