فرح گوگی 5 قیراط کے ہیرے مانگتی تھی، آڈیو کی تحقیقات کروائیں گے: عطاء تارڑ 


لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر عطاء تارڑ نے کہا ہے  کہ فرح گوگی تین کے بجائے پانچ قیراط کے ہیرے مانگتی تھی، ہمیں آڈیو پر کوئی شک نہیں۔ عمران خان سرکار کو خط لکھیں گے کہ آڈیو جعلی ہے  بطور دنیا کے بہترین اداروں سے تحقیقات کروائیں گے۔ فرانزک لیب پنجاب میں کوئی درخواست دے تو اس کی فرانزک کروائیں گے۔ عمران خان نے تالے کھلوا کر پلازے بنوانے کا کہا، یہی پیسے اربوں روپے کمشن اور کک بیک کی شکل میں کرپشن کی گئی۔ کئی ہیرے تھے جسے دبئی میں فروخت کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں عْظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت ہنڈی حوالہ پر اقدامات کررہی ہے۔ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں اگر انکا دامن صاف ہے تو فرح گوگی پاکستان آ رہی ہے۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ عوام کے سامنے وہ حقائق  لائیں گے  کس طرح عمران خان اور اہلخانہ نے کرپشن کا بازار گرم کیا۔ فرح شہزادی گوگی نے بشریٰ مانیکا سے دوستی کو استعمال کرتے ہوئے ٹھیکوں، ٹرانسفر پوسٹنگ اور اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا کرکے اربوں روپے کمائے۔ عمران خان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سے احسن جمیل اور فرح گوگی کو 32 ارب روپے کی چھوٹ دی۔ ان کے پاس منی ٹریل کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔ عمران نیازی رسیدیں پوچھتے پوچھتے خود رسیدیں دینا بھول گئے۔ پونے چار سال میں غیر اعلانیہ فرح گوگی اور احسن گجر کے آٹھ سے دس ارب روپے کے اثاثے ہیں۔ فرح گوگی نے اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنائے کیونکہ عمران خان کے ذرائع آمدن کوئی نہیں ہے، عمران خان بتائیں بنی گالہ چار سو کنال کے اخراجات اور روزمرہ کا گزارہ کیسے کرتے ہیں۔ کسی کو آج تک پی ٹی آئی نے نہیں بتایا راز ہی ہے جس سے پردہ اب اٹھ جانا چاہئے، افسران کی پیسوں کے عوض تعیناتیاں کی گئیں۔ عمران خان جواب دیں فرح گوگی نے آٹھ سے دس ارب روپے کی جائیداد کیسے بنائی۔ کروڑوں روپے کی ہیروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، فرح گوگی کو عمران خان نے فرار کروایا ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنکی گوگی اور کپتان یہ تھا نیا پاکستان، عمران خان کا گھر چلانے اور غربت مٹانے میں گوگی اور فرح کا ہاتھ ہے، گوگی کے شور کے بعد پنکی کی ڈیمانڈ سامنے آگئی ہے۔ ابھی تو ہیرے کی سٹوری ملی ہے بہت کچھ باقی ہے۔ پبلک آفس ہولڈر والے سے سوال ہو گا کیوں تالے کھلوانے کی باتیں کرتا رہا۔ 

ای پیپر دی نیشن