پٹرول کی مد میں بچت کا اعلان محض شعبدہ بازی: پرویز الٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے سونیا علی رضا ایم پی اے نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ عوام کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں اتنا ہوشربا اضافہ نہیں دیکھا، جعلی امپورٹڈ حکومت کے فیصلے معیشت اور عوام کو لے ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی مد میں بچت کا اعلان صرف سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ اس سے عام آدمی کی زندگی پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑے گا، کیا اس اقدام سے عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہو جائیں گی، یہ پیسے تو بجٹ میں پہلے ہی مختص ہوتے ہیں، اب یہ پیسے صرف ان کرپٹ حکمرانوں کی جیب میں جائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیاسی شہرت کیلئے ایسے ڈراموں کی بجائے عوام کی زندگی کو آسان بنائیں۔

ای پیپر دی نیشن