فیروز والا‘ کمالیہ، بوریوالا، ساہیوال، جہلم (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) کمالیہ میں 4 ماہ قبل گھر سے سکول پڑھنے گئی چوتھی کلاس کی طالبہ کی گمشدگی کیس کا معمہ حل، سکول کا چوکیدار ہی معصوم طالبہ کا قاتل نکلا، ملزم غفار نے طالبہ سے زیادتی کے بعد قتل کر کے نعش دریائے راوی میں بہا دی تھی۔ چوتھی کلاس کی طالبہ ام لیلیٰ نزدیکی گورنمنٹ پرائمری سکول میں پڑھنے گئی لیکن واپس نہ آئی جس پر تلاش شروع ہوئی تو سکول کے پرائیویٹ چوکیدار کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کی گئی۔ تفتیش میں ہونے والے انکشافات نے رونگٹے کھڑے کر دئیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے بچی سے زیادتی کا اقرار کیا ہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملزم کو چھوڑ دیا گیا۔ آر پی او عمران محمود نے ایس ایچ او راشد اسلام کو معطل کرتے ہوئے تفتیش نئے سرے سے شروع کروائی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد ملزم غفار چوکیدار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ساہیوال میں اوباش نے 9 سالہ کمسن بچی سے زیادتی کی۔ ملزم کی گرفتار ی کیلئے پولیس کے چھاپے، ملزم کی فصل سے پولیس پر فائرنگ، بعدازاں خودکشی ‘مقدمہ درج ہو گیا۔ ملزم ارشاد نے سر میں گولی ماری۔ جہلم کے صدر تھانے کی حدود میں حاملہ خاتون کو 5 افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان خاتون کے گھر میں گھسے، ملزمان نے خاتون کے شوہر پر تشدد کیا اور اسے رسی سے باندھنے کے بعد خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کا طبی معائنہ کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب راؤ سردار علی خان نے راولپنڈی کے ریجنل پولیس افسر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چند گھنٹوں کے اندر ہی مقدمے کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ گرفتار ہونے والوں میں مرکزی ملزم بھی شامل ہے جو پیشے کے لحاظ سے رکشہ ڈرائیور ہے۔ رانا ٹاؤن کے قریب رکشہ سوار چار نوجوانوں نے خاتون شازیہ بی بی کو زبردستی اغوا کر کے ایک ویران مکان پر لے جاکر اجتماعی زیادتی کی۔ رکشہ سوار اسلام نے اپنے تین ساتھیوں کی مدد سے خاتون کو جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر اور اسے تشدد کا نشانہ بناکر چاروں افراد نے اجتماعی زیادتی کی۔ بے ہوشی کی حالت میں ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ فیروزوالا پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر اسلم اور دیگر ساتھیوں کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ کوٹ عبدالمالک میں دو اوباش نوجوانوں سمران اور افتخار احمد نے محنت کش کی 13 سالہ بیٹی (ن) کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے ملزموں کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ کے علاقہ میں اوباش نوجوان نصیر نے (ع) کے ساتھ زیادتی کی۔ فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔کمالیہ میں 4 ماہ سے لاپتہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیکر وزیراعلی حمزہ شہباز نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے غم و غصے کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ درندہ صفت مجرم کو جب تک قانون کے مطابق نشان عبرت نہیں بنایا جاتا ان افسوسناک واقعات پر مکمل قابو پانا ممکن نہیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا میرا فرض ہے جو ہر صورت پورا ہو گا۔
چوکیدار نے نعش دریا میں بہا دی تھی‘ جیل منتقل‘ ام لیلیٰ کے قتل کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا: فیروز والا: خاتون‘ لڑکی سے اجتماعی زیادتی‘ لڑکی نشانہ
Jun 06, 2022