اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف نے اخباری صنعت کو مشکلات اور بحران سے نکالنے کے لئے 30جون تک سابق حکومت کے تشہیر ی واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پروفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد حسین بھی موجود تھے۔ اے پی این ایس کے صدر سرمد علی کی قیادت میں وفد میں سیکرٹری جنرل ناز آفرین، سہگل لاکھانی، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، جمیل اطہر، شہاب زبیری، رمیزہ نظامی، عمرمجیب شامی، امتنان شاہد، ممتاز طاہر، محسن بلال، اویس خوشنود، وسیم احمد، منیر گیلانی اور ہمایوں گوہر بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اخباری صنعت کو مشکلات اور بحران سے نکالنے کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کیا اور30 جون تک سابق حکومت کے تشہیری واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی دورکے اخبارات اور تشہیری کمپنیوں کے حکومتی واجبات ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ سیاسی انتقام میں یقین نہیں رکھتے کیونکہ اس سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کویقین دلایاکہ مہنگائی کے تناسب سے تشہیری نرخ میں مناسب اضافہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں اخباری صنعت پر کوئی نیا ٹیکس یا ڈیوٹی نہیں لگائیں گے اور اخباری صنعت کو بحران سے نکالنے کے لئے اضافی ریلیف بھی فراہم کریں گے۔