لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت افغانستان سے آنے والے خام اورجزوی تیار خام مال پر عائد ٹیکسز میں ریلیف کے مطالبات کوآئندہ مالی سال کے بجٹ میں پورا کرے ،سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ درآمد کنندگان کی طرح کمرشل درآمد کنندگان کو بھی سیلز ٹیکس میں ریلیف دیا جائے ،برآمدات کو بڑھائے بغیر معیشت کی ترقی ممکن نہیں اس لئے فریٹ سمیت دیگر مدوںمیں خصوصی پیکج آنا چاہیے۔ گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک، پرویز حنیف، اعجاز الرحمان،ریاض احمد، سعید خان، عثمان اشرف،محمداکبر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے حال ہی میں سیکرٹری تجارت اور چیئرمین ایف بی آر کو بجٹ کے حوالے سے تجاویز اور مطالبات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اگر ہماری گزارشات کو زیر غور لاتے ہوئے بجٹ کا حصہ بنایا جائے تو ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت برآمدات میں دوبارہ عروج حاصل کرسکتی ہے جس سے ملک کو قیمتی زر مبادلہ میسر آئے گا اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔