چھوٹے کاروباری ، پسے طبقات پر ٹیکسز کا مزید بوجھ نہ ڈالا ،انجمن تاجران

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے پیٹرولیم کی مدمیں کفایت شعاری مہم کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتوں اور محکموں کے اخراجات میں بھی 50فیصد تک کٹوتی کی جائے،حکومت آئندہ مالی سال کے فنانس بل پر سٹیک ہولڈر ز سے مشاورت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر جس نہج پر پہنچ گیا ہے ہمیں بحیثیت قوم کفایت شعاری کی قومی مہم شروع کرنی چاہیے۔ غیر ضروری درآمدات کاسلسلہ فوری ختم کیا جائے۔توانائی کی بچت کیلئے موثر پالیسی آنی چاہیے جس میں تاجر بھی حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن اس کیلئے پیشگی مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے کاروباراور پسے ہوئے طبقات پر ٹیکسز کا مزید بوجھ نہ ڈالا ،اس لئے ضروری ہے کہ فنانس بل کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کو پیشگی اعتمادمیں لیا جائے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوںمیں 7روپے 91پیسے فی یونٹ اضافے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور اسے واپس لے۔

ای پیپر دی نیشن