خوردنی تیل کی قیمتیں: ساڑھے تین سالوں میں 356 فیصد بڑھیں

Jun 06, 2022

لاہور( کامرس رپورٹر)گزشتہ ساڑھے تین برس میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 356 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق ملک کی عام خوردہ مارکیٹ میں تیل اور گھی کی 3 اقسام ہیں۔ اعلی کوالٹی کا خوردنی تیل اور گھی 570 سے 620 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ، یہ 15 فیصد مارکیٹ کنٹرول کرتا ہے، باقی 2 اقسام کے گھی اور تیل کی قیمت 480 سے 550 فی کلویا لیٹر ہے، یہ 85 فیصد مارکیٹ کا احاطہ کرتا ہے۔ گھی اور خودنی تیل کی روزانہ کھپت 13 ہزار 334 ٹن ہے، اگست 2018ء سے مئی 2022ء تک ایک کروڑ 50 لاکھ ٹن خوردنی تیل استعمال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ساڑھے 3سال کے دوران بھارت میں گھی اور تیل کی قیمتیں 90 فیصد جبکہ پاکستان میں 356 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔اگست 2018ء میں پاکستان میں تیل اور گھی کی قیمت 160 روپے فی کلو یا لیٹر تھی۔ جنوری 2021ء میں تیل اور گھی کی ایکس مل قیمت 191 روپے جبکہ دسمبر 2021ء میں 322 روپے رہی۔دسمبر 2021 ء میں تیل اور گھی کی فی کلو اور لیٹر قیمت 400 روپے ہوگئی۔رواں برس کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بھی تیل اور گھی کی قیمتوںمیں بے پناہ اضافہ ہوا۔دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ مئی 2022ء میں گھی اور تیل کی ایکس مل قیمت 434 روپے فی کلو ہوگئی جب کہ ریٹیل میں ایک کلو گھی یا ایک لیٹر تیل 482 روپے کا ملا۔اگست 2018 سے مئی 2021 کے دوران گھی اور تیل کی قیمت 160سے بڑھ کر 570 روپے فی کلوگرام اور لیٹر ہو گئی۔

مزیدخبریں