عمران گرفتار ہوئے تو اسکی سٹریٹجی بنا لی ہے: شیخ رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اس کی سٹریٹجی بھی بنائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم اس حکومت کو نہیں مانتے، اس سپیکر کو بھی نہیں مانتے، اس لیے استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی کا کوئی رکن اسمبلی اس سپیکر کے سامنے پیش نہیں ہو گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو کسی صورت قبول نہی کیا جائے گا اور ملک میں عام انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کے علاوہ کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں لانگ مارچ کی تاریخ کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے، ابھی بجٹ آنے والا ہے جس میں یہ حکومت مزید مہنگائی بڑھائے گی، بجٹ میں 10 سے 20 روپے مزید مہنگائی بڑھائی جا رہی ہے، یہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی جا ری رکھے ہے، پیسے حاصل کرنے کے لیے یہ حکومت غریبوں کا مزید خون چوسے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ ملک میں صرف 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کاش وزیراعظم ہاؤس اور وزراء کے گھروں میں بھی لوڈشیڈنگ ہو، فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بہت بے وقوف ہے۔ اس حکومت نے 25 تاریخ کو ظلم کی جو انتہا کی۔ یہ حکومت اپنے خلاف کیسز کو ختم کر رہی ہے۔ ایف آئی اے میں ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قوم 19جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کر لے، الیکشن دھاندلی شروع ہو چکی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ فرد جرم اور گرفتاری کے نرغے میں ہوں اور اپنے کیسوں کے خاتمے کے لیے نیب ترامیم ہوں، تو مطلب الیکشن دھاندلی شروع ہو گئی ہے، قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کر لے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...