لاہور(نیوزرپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے جاتی امراء میں مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازشریف سے ملاقات کی۔ جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ مریم نواز شریف نے بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں مختلف شہروں سے آنے والے وفود نے ملاقات کی۔ اور گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا محور صرف اور صرف پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور اس کا استحکام ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ خدمت خلق مسلم لیگ (ن) کا شعار رہا ہے اورمسلم لیگ ( ن) نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ مشکل حالات کی اس گھڑی میں آج حکومت کوبہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے سخت فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ میرا کامل یقین ہے کہ جہاں نیت نیک ہو اورارادے پختہ ہوں تو وہاں راستے بن ہی جاتے ہیں۔ ملک میں اقتصادی ترقی کی راہیں کھلیںاب بھی ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے اورعام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو اس کے اثرات دور تک جاتے ہیں۔ اْنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشااللہ ملک میں جلد معاشی استحکام آئے گا۔ اْنہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری حضرات کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
مریم نواز سے ملاقات ، حکومتی محور پاکستان کی ترقی ، خوشحالی ، استحکام : گورنر
Jun 06, 2022