عمران سفارتی تعلقات کو داؤ پر لگا کر سازش کر رہا ، پتنگ بازی کیخلاف قانون مزید سخت کریں گے : حمزہ شہباز 

Jun 06, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے مصری شاہ کے علاقے کاچھو پورہ میں ڈور پھرنے سے جاں بحق نوجوان مبین کاشف کے والدین، بہن اور بھائی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی مبین کاشف کے والدین کو دلاسہ دیا اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہاکہ آپ جس کرب سے گزر رہے ہیں، وہ ناقابل بیان ہے۔ آپ کے غم کا ازالہ تو نہیں ہو سکتا لیکن میں آپ کی بھرپور مدد کروں گا۔ اس خونی کھیل کی روک تھام کیلئے قانون کو مزید سخت کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ضرور انصاف دلائے گی۔ اس کیس پر پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعلی اور گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اور گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے رحیم یار خان کے علاقے میں زیر تعمیر سیوریج لائن میں گرنے سے موٹر سائیکل سوار اور 2 بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی جن کو نیوٹرل رہنے کا طعنہ دے رہا ہے، ان کا آئینی کردار یقینا نیوٹرل رہنا ہی ہے۔ اگر وہ اپنی آئینی ذمہ داری نبھائیں تو پاکستان 3 حصوں میں تقسیم اور نیوٹرل رہنے کا طعنہ۔ ذاتی مفادات اور انا کی خاطر پاکستان کے سفارتی تعلقات کو داؤ پر لگا کر عمران نیازی اصل سازش کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز نے ایک بیان میں کہا کہ زیک گولڈ سمتھ اور مودی کی مہم عمران نیازی چلائے اور طعنے ہمیں، ساڑھے تین سال کی ناکام خارجہ پالیسی، ناکام معاشی پالیسی، ناکام داخلی پالیسی، ناکام سیاست اور غریب دشمن پالیسیوں کا واحد اور اصل ذمہ دار صرف عمران نیازی ہے۔ ہمیں یہ معلوم ہے کہ کل عمران نیازی اداروں کے سربراہان کے خلاف ہرزہ سرائی کرے گا۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ عمران نیازی نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایات دی ہیں کہ اداروں کے سربراہان کے خلاف مہم چلاو اور منظم پراپیگنڈہ کرو۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ عمران نیازی یہ بازی ہار چکا ہے۔

مزیدخبریں