شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)انصاف ویلفیئر ونگ کے سابق ضلعی صدر ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت موجودہ حکومت کی طرف سے پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر ڈی سٹیبلائز کیا جا رہا ہے،ہم عالمی سازش کا شکار ہیںجس کے مہرے ایوان اقتدار میںبراجمان ہیں پاکستان کے خلاف منصوبے بنائے جا رہے ہیں تاکہ خانہ جنگی بڑھے جو موجودہ حکمرانوں کی اپنے اقتدار کو دوا م دینے کی کوشش کا حصہ ہے، اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اپنی خون پسینے کی کمائی سے سہارا دینے والے محب وطن 90 ملین اوورسیز پاکستانی انکو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا گیا جس سے موجودہ حکمرانوں کی جمہوریت پسندی واضح ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کو سبوتاژ کرکے موجودہ حکمرانوں اپنے سیاسی انتقام کی آگ ٹھنڈی تو کرلیں گے مگر ملک و قوم کو اسکا شدید نقصان اٹھانا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی آواز بن کر میدان عمل میں ہے اور اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہی ہے جس کی جاری جدوجہد کو کسی طرح کی جارحیت روک نہیں سکتی یہ تحریک موجودہ حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیرختم نہیں ہوگی۔