کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے بلدیاتی انتخابات کی مہم چلانے کے لیے کارکنان سے چندہ دینے کی اپیل کردی،صوبائی امیر نے ہرکارکن کو کاروبار وماہانہ آمدنی کا 20فیصد فنڈاپنے علاقائی ناظم کے پاس بیت المال میںجمع کرنے کی ہدایت کردی۔ امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کارکنان کے نام جاری اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔جماعت بھی بلدیاتی نظام کے ذریعہ دعوت دین پھیلانے اوربندگان خدا کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔شہریوں کے دکھ درد کو بانٹنے اور بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی نے کراچی میں دھرنا دیا ۔الحمد للہ اپنے نتائج کے اعتبار سے کامیاب رہا۔اس کے بعد بھی مسلسل جماعت عوامی مسائل کے حل کیلئے صوبے بھر میں سرگرم عمل ہے۔ بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ ہو یا جنرل الیکشن کا مرحلہ ہو ،جن قوتوں سے ہمارا مقابلہ ہے وہ باطل نظام کی پروردہ اور مالی لحاظ سے ہم سے بہت آگے ہیں۔وہ اپنی دولت کے بل بوتے پر انتخابات میں اترتے ہیں اور انتخابی معرکہ کے بعد پھر عوامی مسائل سے ان کا کوئی سروکار نہیں ہوتا۔جماعت اسلامی نے اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے انتخابات کے راستہ کو ہی اختیار کیا ہے۔انتخابات آج کے دور میں جہاد کا درجہ رکھتے ہیں۔حکمرانوں اور نظام کی تبدیلی انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔جہاد کی طرح انتخابات میں بھی جان اورمال لگانا پڑتا ہے۔اپنا وقت خاندان اور جان لگاتے ہوئے انسانی جدوجہد کے ساتھ مالی وسائل کی بھی بڑی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی سندھ نے جہاد فی سبیل اللہ الیکشن فنڈ قائم کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی اور اسکی برادرتنظیمات کے تمام ارکان ،کارکنان اور حامیان سے درخواست ہے کہ اپنی ایک ماہ کی آمدنی کا20%اللہ کی راہ میں اس فنڈ میںجمع کرائیں۔اللہ تعالیٰ کی راہ میں اس خرچ کی گئی رقم کو اللہ تعالیٰ اپنے ذمہ قرض قرار دیتا ہے۔اور اپنے بندے سے وعدہ کرتا ہے کہ میرے بندے ہم اس قرض کو کئی کئی گنا بڑھاکر آپ کو لوٹائیںگے۔اللہ کی راہ میں دینے سے مال میںکمی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ بندہ مومن کے مال میں خیر و برکت پیدا کرتا ہے۔اس دنیا میں بھی اسے نوازتا ہے اور یوم محشر میں جب اللہ تعالیٰ اجر عطا فرمائے گا،تو بندہ حیرت سے یہ پکار اٹھے گا کہ میں نے اتنا مال تو اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ نہیں کیا تھا۔
محمد حسین محنتی
جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابی مہم کے لیے کارکنان سے چندہ دینے کی اپیل
Jun 06, 2022