شجرکاری لازمی قراردینے کیلئے قانون سازی ناگزیر مرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہل پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری کو لازمی قرار دینے کے لئے قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے ، گھریلو اور صنعتی تعمیرات کی اجازت دیتے وقت درخت لگانے اور ان کی افزائش کرنے کو لازمی قرار دینا ہوگا، کراچی کے ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودے لگائے جائیں اور اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ ان میں سایہ دار اور پھل دینے والے درخت شامل ہوں ،دنیا بھر میں گلوبل وارمنگ کے باعث شجر کاری کی اہمیت و افادیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، کاٹی کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی، سعدیہ جاوید، پیپلز پارٹی کے رہنماء معظم قریشی، تیمور مہر، کاٹی کے صدر سلمان اسلم، سابق صدر فرحان الرحمن، جنید نقی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہل پارک سے کم وبیش تمام ہی شہریوں کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اور اس قطعہ اراضی پر ہمیشہ لینڈ مافیا کی نظریں جمی رہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہل پارک کے ماسٹر پلان کے مطابق اس کا رقبہ 62 ایکڑ ہے لیکن ہل پارک کی زمین پر طاقتور مافیا قبضہ کرنا چاہتا ہے جس کے خلاف کے ایم سی کو مسلسل مزاحمت کرنی پڑتی ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر گزشتہ دنوں ہل پارک کی زمین پر بنایا گیا پرائیویٹ پول کو توڑا گیا اور اب اس کی جگہ اربن فاریسٹ بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ اپنی فیملی کے ساتھ تفریح کی غرض سے ہل پارک کا رخ کرتے ہیںاس لئے اس اوپن اسپیس اور پارک کو دیدہ زیب ، دلکش اور سہولتوں سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں، ہل پارک کے گزشتہ کئی سالوں سے بند فواروں کو کھولنے کا کام جاری ہے اور اگلے پندرہ دن میں انہیں درست کرلیا جائے گا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اپنے ماحول کو بہتر کریں تو آنے والے وقت بہتر ہوگا ، ہماری آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا اور ہرا بھرا کراچی چاہئے، پتھاروں کی سیاست چھوڑ کر نیک نیتی سے لوگوں کی خدمت کریں، ہر سیاسی جماعت کو حق حاصل ہے کہ وہ دوسری سیاسی جماعتوں سے اتحاد کریں، پیپلز پارٹی کراچی میں 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کسی دوسری سیاسی جماعت سے اتحاد کرے گی یا نہیں اس کا فیصلہ آنے والے دنوں میں ہی ہوسکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر کرم علی تالپور روڈ صدر کی بیوٹیفکیشن اور بحالی کے بعد اس سڑک کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی، سعدیہ جاوید، واٹر بورڈ کے وائس چیئرمین نجمی عالم، پیپلزپارٹی کے رہنما شکیل چوہدری، ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری خلیل ہوت، معظم قریشی، تیمور مہر ، بوہرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب 


  

ای پیپر دی نیشن