مدت پوری کریں گے، 4برس  کی خرابیاں اک ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں: شاہد خاقان 

Jun 06, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت رہنما مدت پوری کرے گی۔ عمران خان کو چاہئے تھا کہ اپوزیشن میں بیٹھ کر تنقید کرتے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں تھی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کی ہے۔ سٹیک ہولڈرز میں فوج اور عدلیہ بھی شامل ہے۔ چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی گرینڈ ڈائیلاگ میں شامل ہو، فیصلوں کی اونر شپ سب پاکستانیوں کو  لینی پڑے گی۔ امید ہے وزیراعظم اس ڈائیلاگ میں سب کو مدعو کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹروتھ کمشن بنا دیں اور تاریخ کو درست کر دیں، پچھلی حکومت نے ایک میگا واٹ بجلی کا اضافہ نہیں کیا۔ چار سال کی خرابیاں ایک ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں۔ سیاست اپنی جگہ اور ملک کا مفاد اپنی جگہ ہے۔ اتحادی جماعتوں کا جو فیصلہ تھا میرا بھی وہی ہے۔ میں کسی  کے ذاتی معاملات پر بولنا مناسب نہیں سمجھتا، اگر ان معاملات سے کرپشن کا ثبوت ملتا ہے تو اس کا پیچھا کرتا ہماری قانونی ذمے داری ہے۔ عمران خان نے ہر ایک پر مقدمہ کیا کچھ ثابت نہ  کر سکے۔

مزیدخبریں