حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا کے نتائج نفرت انگیزی کی صورت سامنے آرہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے وفاقی وزیر سالک حسین اور شافع حسین کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بھارت میں نبی کریم ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت بھی کی گئی۔حمزہ شہباز نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بی جے پی کی جانب سے نبی کریم ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں انبیاء کرامؐ کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا.خاتم النبین حضرت محمدؐ کے احترام کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ بی جے پی رکن خاتون کی اس ہرزہ سرائی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے. اسلامو فوبیا کے نتائج نفرت انگیزی کی صورت سامنے آرہے ہیں۔