مسلمان ملکوں اور اداروں نے بھارت کی حکمران جماعت کے سینئر حکام کی طرف سے حضرت محمد ۖ خاتم النبیین کی شان میں گستاخانہ بیان کی شدید مذمت اور سخت احتجاج کیا ہے۔سعودی عرب نے اس بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے عقائد اور مذاہب کے احترام پر زور دیا۔قطر نے بھارتی سفیر کو اپنی وزارت خارجہ طلب کیا اور توہین آمیز بیان پر بھارت سے کھلے عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔کویت نے بھی بھارتی سفیر کو طلب کیا اور خلیج میں سوشل میڈیا پر بھارتی مصنوعات کی بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کی اپیل کی۔ایران نے بھی تہران میں بھارت کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا اور توہین آمیز بیانات پر سخت احتجاج کیا۔اسلامی تعاون تنظیم نے کہا کہ یہ بیانات بھارت میں اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے بھی بھارتی حکام کے بیانات کی مذمت کیلئے ایک بیان جاری کیا ہے۔