لاہور‘ اسلام آباد (خبر نگار + وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) سابق ایم این اے رانا نذیر سمیت 5 مزید رہنما پی ٹی آئی سے الگ ہوگئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق رانا نذیر نے کہا کہ 9 مئی واقعات پر ہم شہداءکے سامنے شرمندہ ہیں۔ بھکر سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ انہی واقعات کے باعث پی ٹی آئی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ ملتان سے سابق ایم پی اے سبین گل نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پرامن سیاست کی ہے۔ 9 مئی کو ہونے والے جلاﺅگھیراﺅ کی مذمت کرتی ہوں۔ میری صحت اجازت نہیں دیتی کہ سیاست کو جاری رکھ سکوں۔ دوسری جانب پی پی 222 سے ٹکٹ ہولڈر شازیہ عباس نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ادھر رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے مجھے بے پناہ عزت دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت سی امیدیں تھیں۔ علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ ادھر سابق وفاقی وزیر نوریز شکور نے سیاست سے ریٹائر ہونے جبکہ سمندری سے پی ٹی آئی رہنما¶ں عاطف سانسی‘ واصف سانسی اور عاشق حسین نے تحریک انصاف چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیدوار پی پی 103 چودھری صفدر الرحمان کا مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے معززین کا خیرمقدم کیا۔ دوسری طرف 9 مئی کو جناح ہاﺅس اور دیگر سرکاری تنصیبات پر جلاﺅگھیراﺅ اور توڑپھوڑ میں علیمہ خان کا بھی نام آگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علیمہ بی بی کو تفتیش میں شامل کیا جائے گا۔ اگر وہ پیش نہیں ہوتیں تو ان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ اسلام آباد کی ضلع کچہری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ میں تحریک انصاف میں ہی ہوں اور چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطے میں ہوں۔ جہانگیر ترین سے رابطے کے سوال پر سابق سپیکر نے کہا کہ ان کا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ صحافی نے سوال کیا کہ فواد چودھری پی ٹی آئی سے رہنماﺅں کو لے جا رہے ہیں۔ آپ سے کوئی رابطہ ہوا؟ اس پر اسد قیصر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ہی ہوں۔ ادھر کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما محمودالرشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے محمودالرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے انیلہ محمود کی درخواست پرمحمود الرشید کے مزید ریمانڈ کے خلاف رجسٹرار آفس کا درخواست ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض برقرار رکھا، لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے نو مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے اور مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے دائر درخواست پر آج بروز منگل پولیس سے مقدمات کی فہرست طلب کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاو¿س حملہ اور جلاو¿ گھیراو¿ کیس میں پی ٹی آئی 46 کارکنان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر 12 جون کو وکلاءسے حتمی دلائل طلب کرلئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سوشل ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی رہائی کے لیے درخواست پر سماعت نہیں ہوسکی، عدالت نے فریقین کے وکلاءکو دلائل کیلئے طلب کر رکھا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی رہنماءعمر ایوب کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور پولیس ہراسگی کے خلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔