اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان پاک سرزمین پر قربان ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، فوجی دستوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں پر جوابی کارروائی کی اور ان کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مانسہرہ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد صابر نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ مزید براں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک معراج الدین ، ڈی آئی خان نائیک ظہیر عباس ، ساکن خوشاب کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق شہیدوں کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔جنازے میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران/ سپاہیوں، رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، جوان شہید
Jun 06, 2023