بلاول کی عراقی حکام سے ملاقاتیں: سرکاری پاسپورٹ پرویزا ختم، ثقافتی تعاون بڑھانے کا معاہدہ 

Jun 06, 2023

اسلام آباد‘ بغداد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بغداد میں عراقی صدر اور وزیراعظم‘ وزیر خارجہ فواد حسین سے ملاقاتیں کی ہیں۔ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزریر خارجہ تین روزہ سرکاری دورے پر بغداد پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر نائب وزیر خارجہ محمد حسین بحر العلوم، پاکستان کے عراق میں سفیر احمد امجد علی اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید اور وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے عراقی عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان اور عراق کے درمیان سرکاری پاسپورٹ کے حامل حکام کیلئے ویزوں کے خاتمے کی پالیسی پر دستخط کیے گئے اور ثقافتی تعاون بڑھانے کا بھی معاہدہ کیا گیا۔ عراقی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم فواد حسین سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک عراق تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ عراقی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان اور عراق نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔ احترام اور روایات پر مبنی گہرے اور برادرانہ قریبی تعلقات ہیں۔ فواد حسین نے کہا پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی امید کا اعادہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے عشروں پرانے تعلقات ہیں اور ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ دریں اثناءایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان نے رپورٹ کیا کہ وزیر خارجہ پاکستانی سفارتخانے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ بلاول بھٹو پارٹی رہنما¶ں کے ہمراہ کربلا اور نجف بھی جائیں گے۔ ٹویٹ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خنجراب بارڈر کے ذریعے پاکستانی مصنوعات چین پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا زمینی راستوں سے تجارت میں اضافہ پاک چین تذویراتی شراکت داری مزید مضبوط کرے گا۔ علاقائی رابطوں سے ہمارا مشترکہ ویژن آگے بڑھے گا۔

 

مزیدخبریں