حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی )ورلڈ بینک کے تعاون اور پی سی پی کے تحت حافظ آباد شہر میں 360ملین کی لاگت سے تین بڑی سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ نے کسوکی بائی پاس پر سڑکوں کے ان ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو و ایڈمنسٹریٹر ایم سی امتیاز علی بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ مبشر الحسن،چیف آفیسر ایم سی عابد قیوم سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجو د تھے۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا ورلڈ بینک کے تعاون اور پی سی پی کے تحت حافظ آباد شہر کی تین بڑی سڑکوں کسوکی روڈ،جلالپور بھٹیاں روڈ اور بجلی محلہ سیم نالہ روڈ کی تعمیر کی جائینگی سڑکوں کے ان منصوبوں پر 360ملین کی لاگت آئیگی ۔ انکاکہنا تھا کارپٹ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ٹف ٹائل بھی لگائی جائیگی ۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے۔