اوور سیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے پنجاب پولیس ایپ متعارف 


لاہور(نامہ نگار) انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اوور سیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے پنجاب پولیس ایپ متعارف کروا دی۔ایک ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب عثمان انور کہا ہے کہ پنجاب پولیس ایپ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی بھی مشکل کی صورت میں پنجاب پولیس سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔پنجاب پولیس ایپ، 1787 ہیلپ لائن اور فرنٹ ڈیسک اوورسیز پاکستانی شہریوں کی مدد اور رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ اگر آپ پاکستان سے باہر ہیں تو پنجاب پولیس ایپ جبکہ اندرون ملک ہونے کی صورت 1787 پر براہ راست اپنی درخواستیں دیں گے۔ لیگل برانچ آپ کی بھر پور معاونت کرے گی۔ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ان کی غیر موجودگی میں اکثر فراڈ ہو جاتا ہے۔اس منفی تاثر کی تبدیلی اور حقیقی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پنجاب پولیس نے مندرجہ بالا ایپ بنائی ہے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھ چکا ہے۔آپ کے پیسے کے بغیر یہ ترقی ممکن نہیں۔ہم آپ کی انویسٹمنٹ کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ پاکستان میں آئیے انویسٹمنٹ کیجئے،پنجاب پولیس آپ کو اور آپ کی انویسٹمنٹ کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن