دہشت گردوں کیخلاف  پاک افواج کا عزم 

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہدا میں نائیک ظہیر عباس اور لانس نائیک معراج الدین شامل ہیں، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے میں عساکر پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور اپنی جانوں کے نذرانے دیکر ملک کو امن کا گہوارہ بنایا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کیخلاف ملک بھر میں اب بھی اپریشنز جاری ہیں‘ بالخصوص شمالی علاقہ جات میں اب بھی دہشت گردوں کی باقیات اور انکے سہولت کار موجود ہیں‘ جن کیخلاف پاک فوج کے جوان برسر پیکار ہیں۔ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں اپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے۔ یہ حقیقت ہے کہ پاک فوج ایک وقت میں کئی محاذوں پر ڈٹی ہوئی ہے۔ جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ وہ دہشت گردوں اور اندرون ملک عسکریت پسندوں کیخلاف بھی اپریشنز میں مصروف ہے۔ بے شک پاک مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں‘ اسی لئے وہ اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کر رہیں۔ پاک فوج کے جوانوں کی ایسی قربانیاں جہاں افواج پاکستان کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں‘ وہیں ملکی سلامتی کی بھی ضمانت بنتی ہیں۔ قوم مطمئن ہے کہ ارض وطن کا دفاع اور اسکی سالمیت پاک افواج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ای پیپر دی نیشن