لاہور (کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے کاروبار دوست، برآمدات و ترقی پر مبنی اور غریب دوست بجٹ پیش کیا جائے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے منافع بخش مراعات کا پیکج بھی شامل ہو۔ سوموار کو یہاں 20 رکنی تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک نے کہا کہ حکومت کو جو تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ ان کو آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ پرائم منسٹر آفس نے یو بی جی کی تجاویز وزارت خزانہ، وزارت تجارت، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھیج دی ہیں جو پری بجٹ میٹنگ میں طویل غور و موڈ کے بعد مجاز اتھارٹی کی منظوری کے آخری مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو بی جی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسی قابل عمل بجٹ تجاویز تیار کی ہیں جو حکومت کو آئندہ بجٹ کے ذریعے معیشت کی بحالی میں مدد فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنے، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں شناخت شدہ لاکھوں غیر ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔۔ شہزاد علی ملک نے تمام قابل عمل تجاویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست بجٹ پیش کیا جائے:ایف پی سی سی آئی
Jun 06, 2023