پاکستان سمیت مختلف ممالک میں فنڈز رکنے سے ایئر لائنز کی مشکلات بڑھ گئیں، ایاٹا

نیویارک(این این آئی )پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایئر لائنز کے فنڈز روکنے کے معاملے پر انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا)نے فنڈز رکنے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان میں ایئر لائنز کے 188 ملین ڈالرز کے فنڈز رکے ہوئے ہیں، ایاٹا کے مطابق نائجیریا میں ایئر لائنز کے 812 ملین ڈالر، بنگلادیش میں 214 ملین ڈالر، الجیریا میں 196 ملین ڈالر، لبنان میں 141 ملین ڈالر  پھنسے ہوئے ہیں۔ایاٹا کے مطابق فنڈز رکنے کی وجہ سے ایئر لائنز کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ایاٹا نے کہا کہ طویل وقت کے لیے فنڈز رکے رہنا ایئر لائنز کے بزنس کے لیے خطرہ ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ایئر لائنز انڈسٹری کے دنیا بھر میں بلاک شدہ فنڈز اپریل 2023 میں 47  فیصد اضافے سے 2.27 بلین ڈالر ہوگئے ہیں۔ ایاٹا کے مطابق اپریل 2022 میں بلاک شدہ فنڈز 1.55 بلین ڈالر تھے۔ پاکستان سمیت جن ممالک میں فنڈز پھنسے ہیں وہاں ایئرلائنز کا فلائٹ آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوگا۔ ایاٹا نے کہا کہ تمام حکومتوں کو اس صورتحال کے حل کے لئے صنعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بروقت فنڈز ملنے سے ایئر لائنز اپنی سروسز جاری رکھ سکیں گی۔

ای پیپر دی نیشن