لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کا ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا پاکستان بچاؤ مارچ پندرہویں روز ساہیوال سے رینالہ خورد پہنچ گیا۔ ساہیوال میں روانگی سے قبل حافظ سعد حسین رضوی نے پاکستان بچاؤ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ملک میں کوئی قانون نام کی چیز نہیں ہے۔ نواز شریف کو اہل کروانے کے لیے ساراگٹھ جوڑ ہے۔ آصف زرداری اپنے بیٹے کو وزیر اعظم بنانے کے لیے پلاننگ کرتا پھر رہا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے بے حس حکمرانوں کے علاوہ پوری قوم پریشان ہے۔ پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس اور کرنل جوزف کو باعزت ملک سے فرار کروانے والے امریکی غلام قوم کی بیٹی کے لیے امریکہ سے بات کریں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔ حافظ سعد حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں مخالفین پر ظلم کے پہاڑ توڑنے اور آزادی کی جنگ لڑنے والا کھلاڑی آج اپنی باری آئی تو مگرمچھ کے آنسو بہا رہا ہے۔ وہ وقت آنے والا ہے عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کے گریبان ہونگے۔ تحریک لبیک پاکستان کا پاکستان بچاؤ مارچ لاہور میں کل داخل ہو گا۔ جس کے استقبال کے لئے تحریک لبیک نے کارکنوں اور مقامی قیادت نے تیاریاں مکمل کر لیں۔ ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے مطابق ڈویژن وضلع لاہور کا مشترکہ اجلاس ضلع لاہور کے آفس میں ڈویژنل امیر حاجی صدیق کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن اور ضلع کی مکمل باڈی نے شرکت کی۔ اجلاس سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے ڈویژنل امیر حاجی صدیق احمد، ناظم اعلیٰ علامہ عباس انجم، ضلع لاہور کے امیر سید نذیر احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان بچاؤ مارچ کے قائدین اور شرکاء کا لا ہور پہنچنے پر فقیدالمثال تاریخی شاندار استقبال کریں گے۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے جامع مسجد رحمتہ للعالمین مزار امیرالمجاہدین تک جگہ جگہ استقبال کے لیے استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے۔
عوام کا ہاتھ، حکمرانوں کے گریبان ہونگے، سعد رضوی مارچ کل لاہور داخل ہو گا
Jun 06, 2023