لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کا بنیادی نظریہ قرضہ اور کرپشن تک محدود ہے۔ کرپشن میں کمی آئی نہ مہنگائی کا زور ٹوٹا، ڈالر کی اڑان جاری ہے۔ پی ڈی ایم نے اقتدار میں آنے سے قبل جو وعدے کیے تھے کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہوا، حکومت نہیں تھی تو مہنگائی کے خلاف جلوس نکالے جاتے تھے، اب مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ زمانہ بدل گیا، دنیا ترقی کر رہی ہے اور پاکستان میں حکمرانوں کی نااہلی، بدانتظامی اور ذاتی مفادات کی لڑائی کی وجہ سے ریورس گیئر لگا ہوا ہے۔ ایک طرف مسلح دہشت گردی اور دوسری جانب سیاسی انتہا پسندی ہے۔ کرپشن اور چوری بازاری میں ہر آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری خزانے میں خردبرد کی نت نئی شکلیں سامنے آ رہی ہیں، صاحب اختیارات وسیع پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہیں، اس تمام صورت حال میں سب سے خوف ناک امر یہ ہے کہ عدالتوں پر بھی قوم کا اعتماد ختم ہو چکا، قانون کی حکمرانی کا لفظ ڈکشنری تک ہی رہ گیا۔ احتساب کے ادارے خود احتساب کے قابل ہیں۔ ملک میں ہر تجربہ ناکام ہوا، پی ٹی آئی کے بعد اب14پارٹیوں کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا۔ عوام کے پاس بہتری کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ایڈووکیٹ راجہ اشتیاق احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سینئر وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ تمام عالمی ادارے معیشت کے لیے نئے خطرات کا بگل بجا رہے ہیں مگر حکمران سب اچھا کی پالیسی پر گامزن اور حقائق کا سامنا کرنے کو تیار نہیں۔ حقیقی احتساب کے لیے قوم ہمارا ساتھ دے۔
پی ڈی ایم نے اقتدار سے قبل جو وعدے کئے ایک بھی پورا نہیں کیا: سراج الحق
Jun 06, 2023