فاسٹ باؤلرز پر بھروسہ، ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرینگے: بابراعظم

Jun 06, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انفرادی اہداف بعد میں آتے ہیں، میرا ایک ہی ہدف ہے اور وہ یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے، میرا فوکس اس پر ہے کہ ٹیم کو مجھ سے کیا چاہیے، اپنے ریکارڈ نہیں دیکھتا۔ڈیلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اچھی تیاریوں کیساتھ امریکہ آئے ہیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ ہمیں کس طرح کی کرکٹ کھیلنا ہے، کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں اور کامیابی حاصل کریں۔ ہم نے ماضی میں بھی ایسے حالات میں کھیلا ہے، بیٹرز انڈورز میں ٹریننگ کررہے ہیں، بائولرز نے فیلڈ میں ٹریننگ کی ہے، جو دستیاب سہولیات تھیں اس کو استعمال کرتے ہوئے پریکٹس کی ہے۔ وارم اپ میچ نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں۔ امریکہ میں پہلی بار کرکٹ ہو رہی ہے اس لیے یہ نہ سوچیں کہ یہ نہیں یا وہ نہیں مل رہا، ہوٹل سے فاصلہ یا سہولیات پر ہم نہیں سوچ رہے، یہ بورڈ کا کام ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اب تک ہونے والے میچز کا تجزیہ کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہاں پر ہائی سکورنگ میچز نظر نہیں آ رہے، ہمارے کچھ کھلاڑی یہاں پہلے کھیل چکے ہیں اس لئے ان کو کنڈیشنز کا اندازہ ہے، شاداب، عماد اور حارث پہلے یہاں کھیل کر گئے ہیں۔ جو ٹیم کیلئے بہتر ہوتا ہے ہم وہ پلان کرتے ہیں، کسی کا بیٹنگ نمبر فکسڈ نہیں ہے، صورتحال کے مطابق نمبر اوپر نیچے ہوسکتا ہے، بدقسمتی سے صائم ایوب ویسا پرفارم نہیں کر پایا جیسا امید تھی، صائم ایوب گیم چینجرہے لیکن اس کو وہ باری نہیں ملی جس کی ضرورت تھی۔مجھے بطور کپتان ہر کھلاڑی پر بھروسہ ہے اور شاداب پر سب سے زیادہ بھروسہ ہے کیونکہ شاداب نے مختلف کنڈیشنز میں پرفارمنس دی ہے، شاداب خان کھیل کے تینوں شعبوں میں کار آمد ہوتا ہے، امید ہے کہ یہاں کی کنڈیشنز شاداب کو سوٹ کریں گی۔ کرکٹرز کے ساتھ اپ اینڈ ڈاؤن چلتا رہتا ہے، ہم اس کو سپورٹ کریں گے، پلیئرز کو جتنا سپورٹ کرتے ہیں اس کا فائدہ ٹیم کو ہی ہوگا، ٹیم گیم ہے کسی پلیئرز کا اگر برا دن ہے تو اسکو کوور کرتے ہیں۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان آنے والے میچ سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکہ کی ہوم کنڈیشنز ہے، اس کو یہاں کے گراؤنڈز کا معلوم ہے، لیکن مجھے اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ اچھی کرکٹ کھیلے گی، یہاں فاسٹ بائولرز اچھا پرفارم کررہے ہیں اس لئے فاسٹ بائولنگ پر بھروسہ ہے۔ ہمارا ورلڈ کپ آج سے شروع ہے، اب تمام سینئر پلیئرز کو آگے بڑھ کر ذمہ داری لینا ہوگی، ہم کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں پہلے ہوئیں وہ نہ دہرائیں۔

مزیدخبریں