لاہور(خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور عالمی ماحولیات کے دن کی مناسبت سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صاف ماحول کیلئے احسن اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی محمود بوٹی ڈمپ سائٹ کو اربن فارسٹ اور سولر پارک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔پلاسٹک کے نقصانات سے ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے عید قرباں پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے شہریوں کو 14لاکھ بائیو ڈی گریبل بیگز مفت فراہم کیے جائیں گے۔ آلائشوں کو شہر کے نالوں اور نہر میں پھینکنے سے گریز اوربائیو ڈی گریبل بیگز کے استعمال کی ترغیب کیلئے رہائشی علاقوں، کمرشل مارکیٹس اور شاہراؤں پر شہریوں کیلئے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کرنے کیلئے ماحول دوست اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔شہر بھر سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹن ویسٹ کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس پر منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ویسٹ کلیکشن کی پراسیسنگ کے بعد ری سائیکلنگ کی جا رہی ہے۔ نامیاتی ویسٹ کو ماحول دوست طریقے سے کھاد میں تبدیل کر کے کھاد بیلیا کے نام سے فروخت کیا جا رہا ہے۔