عالمی ادارے نے پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کرنیوالی یونیورسٹی قرار دیدیا

Jun 06, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹر) عالمی ادارے کیو ایس نے پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والی یونیورسٹی قرار دے دیا۔عالمی رینکنگ میں بے مثال ترقی پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے چیئرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر عثمان اعوان اور سیکرٹری ڈاکٹر شفیق الرحمن کے ہمراہ یونیورسٹی کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے کیو ایس رینکنگ میں حیرت انگیز و شاندار ترقی کی ہے۔ امریکہ میں پاکستانی ایمبیسی کے افسران بلال اکرم شاہ اور بلال ریاض نے واشنگٹن میں منعقدہ عالمی ادارے کیو ایس کی طرف سے ایجوڈیٹا سمٹ میں پنجاب یونیورسٹی کو پانچ برسوں میں سب سے ذیادہ ترقی کرنے والے ادارہ قرار دینے کا ایوارڈ وصول کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں پنجاب یونیورسٹی نے چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریااور سنگاپور کی جامعات کا مقابلہ کر کے یہ اعزاز حاصل کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے وسائل کے اعتبارسے کئی گنا بڑی یونیورسٹیوں کو پیچھے چھوڑ کر پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کی 570 ویں بہترین یونیورسٹی قرار پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں 170 درجے کی بہتری آئی ہے۔

مزیدخبریں