لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے تہران میں اِمام خمینی کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایرانی ٹی وی اور دیگر میڈیا اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اِمام خمینی کی قیادت میں ایران کے عوام کی بیداری، استبدادی حکمرانی کے خلاف قیام اور کامیابی سے انقلاب اسلامی کے برپا ہونے نے عالم اسلام اور پوری دنیا پر اثرات مرتب کیے۔ اِمام خمینی کی قیادت اور فکر کے انقلابِ اسلامی ایران پر بہت گہرے اثرات ہیں۔ امام خمینی نابغہ روزگار شخصیت، اسلام، قرآن اور رسول اللہؐ سے گہری عقیدت کے داعی تھے۔ مخلوق کی فلاح اور خدمت کیلئے امام کا وژن انقلابی تھا۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی تازہ رپورٹ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایل او کے مطابق پاکستان میں 35 لاکھ افراد سے جبری مشقت لی جارہی ہے۔ پاکستان جبری مشقت لینے والا پانچواں بڑا ملک ہے جبکہ عالمی لیبر مارکیٹ میں پاکستان لیبر فورس کے لحاظ سے 9 واں بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں اس وقت 2 کروڑ نوجوان ہیں جو کام کاج کی عمر کے ہیں لیکن مہارت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں پاکستان کے اندر اور بیرون ملک اچھی ملازمت نہیں مل رہی ہے۔ صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر نوکری کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔