سرگودھا‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + خبر نگار) تحریک انصاف کی متحرک کارکن صنم جاوید کو سرگودھا جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، گوجرانوالہ پولیس نے صنم جاوید کو سرگودھا جیل کے باہر سے گرفتار کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاویدکی ضمانت منظور ہوئی تھی دونوں رہنماوں کے خلاف 9 مئی کے حوالہ سے میانوالی میں تین مقدمات درج تھے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانت منظور کی۔ دونوں خواتین رہنماوں کے مچلکے جمع کرائے گئے ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے صنم جاوید کی بازیابی کی درخواست اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حافظ ظہیر ناصر کے جواب پر نمٹا دی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اپنایا کہ کوٹ لکھپت جیل سے جیل سرگودھا روبکار موصول ہوگئی ہے،سرگودھا جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے روبکار موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ صنم جاوید خان کی تمام مقدمات میں ضمانت ہوچکی ہے، صنم جاوید خان کی تمام ضمانتوں میں مچلکے بھی داخل ہوچکے ہیں، ضمانتی مچلکے داخل ہونے کے بعد روبکار بھی جیل میں داخل کرا دی گئیں، جیل حکام کیجانب سے صنم جاوید خان کو 2 دن سے رہا نہیں کیا جا رہا، صنم جاوید کے بازیابی کا حکم دے اور عدالت میں پیش کیا جائے۔
صنم جاوید سرگودھا جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار
Jun 06, 2024