کراچی (این این آئی) معروف سماجی کارکن صارم برنی کو اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ پولیس کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق صارم برنی کو انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات کے پیشِ نظر گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق صارم برنی کو امریکی حکومت کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے۔ صارم برنی پر 25 سے زائد بچوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکہ بھیجنے کا الزام ہے۔ صارم برنی اور ان کے ٹرسٹ نے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکہ اڈاپٹ کرایا۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ بچے مختلف اوقات میں کراچی میں صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کیے گئے۔ صارم برنی پر 17 بچوں کو امریکہ سمگل کرنے کا الزام سامنے آ چکا۔ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ انہیں امریکہ سے بذریعہ فلائٹ کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق سماجی کارکن کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ کی ٹیم نے حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان سے ملنے کے لیے قانونی ٹیم ایف آئی اے دفتر کے باہر پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کی شکایت پر انسانی سمگلنگ کے الزام میںسماجی کارکن صارم برنی گرفتار
Jun 06, 2024