لاہور(خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر الیکشن کمشن آف پاکستان سے 26جون کوجواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا امیدواران کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی دیا گیا، بیان حلفی میں پیغمبر اسلام کا نام درست نہیں لکھا گیا۔ بیان حلفی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بیان حلفی درستگی نہ کر کے سنگین جرم کیا ہے۔ توہین دین اسلام پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج کرنا قانونی تقاضا ہے، استدعا ہے کہ عدالت حکومت کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، عدالت تمام ممبران اور صوبائی اسمبلی سے دوبارہ حلف لینے کا حکم دے۔
چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ کی درخواست، سکندر راجہ سے 26 جون کو جواب طلب
Jun 06, 2024