سری نگر (کے پی آئی + این این آئی) جموں وکشمیر میں لوگوں نے بھارتی پارلیمنٹ کے انتخابات میں حصہ لیکر بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی)کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میںاسکے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ایک عظیم جدوجہد کر رہے ہیں ، انکا واحد مطالبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی فراہمی ہے ، نام نہاد بھارتی انتخابات کشمیریوں کیلئے گوکہ کوئی معنی نہیں رکھتے تاہم اس مرتبہ انہوں نے صرف اس وجہ سے بھارتی انتخابات میں دلچسپی ظاہر کی تاکہ ووٹ کے ذریعے پر امن طریقے سے بی جے پی کو اسکی کشمیر دشمن کارروائیوں اور اقدامات کا ایک منہ توڑ جواب دے سکے۔دریں اثناسیاسی تجزیہ کارڈاکٹر شیخ شوکت نے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انجینئر رشید کی جیت بھارتیہ جنتاپارٹی کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیرمیں اسکی کٹھ پتلیوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انجینئر عبدالرشید کی جیت پر ضلع کپواڑہ کے علاقے لنگیٹ میں انکی رہائش کے باہر بڑی تعدادمیں لوگ جمع ہوئے اور زبردست جشن منایا۔ انجینئر رشید اس وقت ایک جھوٹے مقدمے میں نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں ۔ انہوںنے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو شکست دی ہے۔