غزہ‘ ناگا ساکی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ صیہونی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 80فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں وسطی اور جنوبی غزہ میں 15سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت امدادی کارکنان اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح کی بریج کیمپ پر چڑھائی کے دوران بھی متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ فضا سے بھی علاقے میں بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب القدس بریگیڈ نے رفح میں اسرائیلی فوجیوں، ٹینکوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ جنوبی اسرائیل کے صحرا میں فوجی اڈے پر گولہ بارود کے ڈپو میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔ افراتفری پھیل گئی۔ اہلکار اور فوجی افسر خوف کے مارے بھاگ نکلے۔ 9 فوجی زخمی ہوئے۔ 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ فلسطینیوں کیلئے امداد سامان لیکر سعودی عرب سے 52 واں طیارہ مصر پہنچ گیا۔ جاپان نے شہر ناگا ساکی پر ایٹمی حملے کی سالانہ تقریب میں اسرائیل کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے عالمی فوجداری عدالت پر پابندی کا بل منظور کرلیا۔ ایوان نمائندگان نے یہ بل عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کی کوششوں کے جواب میں منظور کیا گیا ہے۔ 155 نے مخالفت 247 ارکان نے حق میں ووٹ دیا۔ بل کے تحت عالمی عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان اور اہلکاروں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی ہو گی۔ وائٹ ہاؤس کے مشیر قومی سلامتی جیک سیلوان نے کہا صدر جوبائیڈن کی جنگ بندی تجویز پر حماس کے جواب کا انتظار ہے۔ سلووینیا کی پارلیمنٹ میں فلسطین کو باقاعدہ تسلیم کرنے کا بل منظور کر لیا گیا۔ 90 میں سے 52 ارکان نے حمایت کی۔