کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے ریماکس دیئے ہیں کہ لاپتہ شہری کی تلاش ریاست کی ذمہ داری ہے، تلاش کا عمل جاری رکھا جائے۔ عدالت عالیہ نے ایئر پورٹ کے علاقے سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر جے آئی ٹی اجلاس جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 27جون تک ملتوی کردی ہے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں ایئرپورٹ کے علاقے سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ پولیس نے رپورٹ میں بتایا کہ ملک کی مختلف ایجنسیوں اور اداروں کو خطوط لکھے ہیں۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی جس کا ایک اجلاس بھی ہوچکا ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی ہدایات کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔ لاپتا شہری کے بھائی الطاف نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میرے بھائی کو ایئر پورٹ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا لیکن تاحال علم نہیں ہوسکا کہ بھائی کو کس الزام میں اٹھایا گیا ہے۔ سماعت کے موقع پر درخواستگزار کے وکیل موجود نہیں تھے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا شہری کی تلاش ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے لاپتا شہری کی بازیابی کے لئے جے آئی ٹی اجلاس جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔