راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں انٹرنیٹ پر دوستی کے بعد شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش کی جس میں لڑکا جاں بحق جبکہ لڑکی کو بچا لیا گیا۔ کلرسیداں کی21سالہ کمپیوٹر کی طالبہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کلر سیداں میں نامعلوم افراد کے خلاف درج تھا۔ پولیس مغویہ کی تلاش میں مصروف تھی کہ اطلاع ملی کہ نالہ لنگ میں ایک جوڑے نے خودکشی کی غرض سے پانی میں چھلانگ لگا دی ہے۔ مقامی افراد نے لڑکی کو زندہ بچا لیا لیکن لڑکے کا سراغ نہ لگایا جا سکا۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے لڑکے کو تلاش کیا تاہم اسوقت تک وہ دم توڑ چکا تھا۔ متوفی زین عنصر کہوٹہ کا رہائشی تھا۔ ہسپتال میں لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ زین عنصر سے انٹرنیٹ پر دوستی ہوئی، دونوں کو گانے کا شوق تھا۔ دونوں نے کورٹ میرج کی اور چند روز لاہور کے مخلتف مقامات پر گھومتے رہے، پھر واپس آ گئے۔ لڑکی نے بتایا کہ معاشی اور دیگر مسائل سے تنگ آ کر ہم نے خودکشی کا فیصلہ کیا۔